خبرنامہ کشمیر

بھارت؛ توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر جارحیت کر رہا ہے:گیلانی

سرینگر۔: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کنٹرول لائن پر گزشتہ 2ماہ سے جاری شدید گولہ باری اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے اتلاف پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا اس وقت تک دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کا خطرہ بدستور قائم رہے گا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے ایک طرف جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ دوسری طرف آزاد کشمیرکے شہریوں کو بھی گولہ باری کا نشانہ بنا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اگر جنگ ہوتی ہے تو یہ انتہائی تباہ کن ہو گی جس سے پوری دنیا کا امن تہہ وبالا ہوسکتا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کوپس منظر میں دھکیلنے اورمقبوضہ کشمیر میں جاری اپنی ریاستی دہشت گردی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے مقصد کے تحت کنٹرول لائن پر جارحیت کر رہا ہے۔ سیدعلی گیلانی نے کہا کہ عام شہریوں، مسافر بسوں اور زخمیوں کو لے جانے والی ایمولنسوں کو نشانہ بناکر بھارتی فوجیوں نے اپنی بزدلی اور بوکھلاہٹ کا کھلا ثبوت دیا ہے۔