خبرنامہ کشمیر

بھارتی آئین کے تحت مذاکرات ایک مذاق ہے،مفتی اعظم جموں وکشمیر

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں مفتی اعظم مفتی محمد بشیر الدین احمد نے بھارتی آئین کے تحت مذاکرات کو ایک مذاق قراردیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مفتی بشیر الدین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ تنازعہ کشمیر کا واحد حل رائے شماری میں مضمر ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دْنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کے قائدین کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ کہہ کر اپنے آپ کو تسلی دے رہے ہیں کیونکہ اس اٹوٹ انگ کے سارے زنگ آلود اعضاء اْس وقت شل ہوگئے اور بکھر گئے جب ڈاکٹر کرن سنگھ نے بھارتی پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس میں اپنے والد مہاراجہ ہری سنگھ کے عارضی الحاق کے خد و خال بیان کر کے ساری دْنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ارکان پارلیمنٹ کے کل جماعتی وفد کو مقبوضہ علاقے کی قیادت سے ملاقات میں کچھ حاصل نہیں ہو گا ۔مفتی بشیر کے مطابق حزب اختلاف میں شامل جماعتیں اپنے دور اقتدار میں کبھی بھی مثبت سوچ کا اظہار نہیں کر چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین ہند کے تحت بات چیت کومحدود رکھنامضحکہ خیز ہے۔