خبرنامہ کشمیر

بھارتی افواج سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں، حریت کانفرنس

سری نگر۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کا ایک اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں حریت رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کم سن جنید احمد کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز نے جنید احمد کو اس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے گزشتہ 3 ماہ سے وادی کشمیر کو جہنم زار بنادیا ہے اور مسلسل کرفیو اور پابندیوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور وہ کرفیو اور دیگر پابندیوں کو توڑتے ہوئے گھروں سے نکل کر مظاہرے کررہے ہیں اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کرکے دنیا پر واضح کرتے ہیں کہ کشمیری قوم کسی صورت میں بھارتی ظلم وجبر کے سامنے سر نہیں جھکائی گی اور نہ اپنے بنیادی حق، حق خود ارادیت سے دستبردار ہوگی جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ کیا ہے۔ حریت رہنماؤں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وجبر کی وجہ سے انسانیت سسک رہی ہے لیکن عالمی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض افوج کی طرف سے مذہبی فرائض کی ادائیگی پر پابندیاں عائدکرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے گزشتہ 3ماہ سے کشمیری مسلمانوں کو نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی جبکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی مجلسوں اور جلوسوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔