خبرنامہ کشمیر

بھارتی افواج کشمیرمیں تشدد، ظلم وبربریت کی ایک نئی داستان رقم کررہی ہیں، صدرآزاد کشمیر

بھارتی افواج کشمیر میں تشدد، ظلم و بربریت کی ایک نئی داستان رقم کر رہی ہیں، صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد(ملت آن لائن) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کر رہا ہے ، بھارتی افواج کشمیر میں تشدد، ظلم و بربریت کی ایک نئی داستان رقم کر رہی ہیں۔ کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں قیدی بنا دیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی سربراہی میں بی جے پی کے انتہا پسند اور بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں جبکہ بین الاقوامی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو قابل افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان صوبائی دارالحکومت کراچی کے دو روزہ سرکاری دورہ پر ہیں جہاں وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منعقد کی جانے والی مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ تقریب میں سینیٹر سلیم ضیاء، رکن آزاد جموں و کشمیر کونسل عبدالخالق وصی، سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن یاسین خان، صدرکراچی پریس کلب احمد خان ملک اور سینئر سیاسی رہنما سردار شیراز بھی شامل تھے۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ کشمیریوں کو ایک کمیونٹی کے طور پر کشمیریوں کے خود مختاری کے حق کے حصول کے لیے متحد ہو کر اجتماعی کوششوں کو تیز کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے لئے خود مختاری کا حق حاصل کرنے کے لئے پاکستان 70 سالوں سے ثابت قدمی کے ساتھ کشمیریوں کی بین الاقوامی فورمز پر حمایت کر رہا ہے۔ صدر مسعود خان نے کشمیر کمیونٹی کی تعریف کی اور کہا کہ کمیونٹی ایماندار ، ذمہ دار اور مہمان نواز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے مختلف مسائل جلد یکسو کئے جائیں گے ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ یہاں جلد ہی کشمیر کمیونٹی سینٹر تعمیر کیا جائے گا جہاں کراچی میں رہائش پذیر کشمیری اپنے مسائل کے حل میں اس سے معاونت حاصل کر سکیں گے اور اس سے مسئلہ کشمیر پر مثبت طور پر بیداری پیدا کی جا سکے گی۔