خبرنامہ کشمیر

بھارتی ایجنٹوں نے مزید 2سکول نذر آتش کردیئے

سرینگر: (ملت+آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ایجنٹوں نے تعلیمی اداروں کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید دو سکولوں کو آگ لگا دی ۔نذر آتش کئے گئے سکولوں کی تعداد 30سے زیادہ ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ریگی پورہ علاقے میں ایک گورنمنٹ پرائمری سکول سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہونے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔بانڈی پورہ میں بھی بھارتی ایجنٹوں نے سرکاری مڈل سکول کو نذر آتش کر دیا۔ آگ کو بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی تاخیر سے پہنچیں ۔ مقبوضہ وادی میں پانچ ماہ سے مسلسل کرفیو، سرکاری ریاستی دہشتگردی، قتل عام اور عوامی مزاحمت جاری ہے۔ بھارتی فورسز اور خفیہ ایجنسیاں عوامی تحریک آزادی کو طاقت سے کچلنے میں ناکامی کے بعد چاول کی کٹی فصلوں کے ذخائر کو آگ لگا رہی ہیں جبکہ ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لئے تعلیمی اداروں کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔