خبرنامہ کشمیر

بھارتی جارحیت، مقبوضہ وادی کےہسپتال زخمیوں سےبھرگئے

سری نگر: (ملت+ اے پی پی) بھارتی جارحیت کی وجہ سے مقبوضہ وادی کے ہسپتال زخمیوں سے بھرگئے ۔ 13 ہزار مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ ظالم قابض فوج اب تک تیرہ لاکھ سے زائد پیلٹس کشمیریوں پر برسا چکی ہے ۔ بھارتی فوج کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے نوجوانوں کو چن چن کر نشانہ بنانے لگی ۔ پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں کشمیریوں کو زندہ لاش بنا دیا گیا ، کئی کے اعضاء بے کار ، بیشتر بینائی سے محروم ہوگئے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورس اب تک تیرہ لاکھ سے زائد پیلٹس نہتے کشمیریوں پر برسا چکی ہے ۔ پیلٹ گن سے تیز رفتار چھوٹے لوہے کے بال فائر کیے جاتے ہیں اور ایک کارتوس میں ایسے لوہے کے 500 تک بال ہو سکتے ہیں ۔ فائر کے بعد کارتوس ہوا میں پھٹ کر چھرے چاروں سمت پھیل جاتے ہیں ۔ اس ہتھیار کو 2010 میں بھی کشمیریوں پر استعمال کیا گیا تھا جس سے 100 سے زیادہ مظاہرین شہید ہوئے ۔