خبرنامہ کشمیر

بھارتی جمہوریت کا بھیانک چہرہ اچھی طرح سے بے نقاب ہوچکا ہے، یاسین ملک

بھارتی جمہوریت کا بھیانک چہرہ اچھی طرح سے بے نقاب ہوچکا ہے، یاسین ملک
سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بیگناہ شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے، گھروں اور املاک کو نذر آتش کرنے یہاں تک کہ بے زبان جانوروں تک کو زندہ جلادینے کے سفاکانہ عمل سے نام نہاد بھارتی جمہوریت کا بھیانک چہرہ اچھی طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے ضلع شوپیاں کے علاقے بٹہ مورن میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارکشمیر کے اندر بے لگام ہوچکے ہیں اور عام شہریوں کو بلا لحاظ جنس و عمر قتل کرر ہے ہیں جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خاموشی کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ فراہم کرنے کے مترادف ہے۔محمد یاسین ملک نے کہا کہ عالمی برادری کو اپنی آنکھیں کھول کر اور خوابیدہ ضمیر کوجگا کر بھارتی جمہوریت کی اصل حقیقت کو دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکمرانوں کے کٹھ پتلی اس قتل عام میں برابر کے ذمہ دار ہیں جس پر تاریخ انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گی۔ محمد یاسین ملک پارٹی رہنماؤں نور محمد کلوال، بشیر کشمیری ، جاوید احمد بٹ اور دیگر کے ہمراہ قابض انتظامیہ کی رکاٹوں کے باوجود شوپیان بٹہ مورن پہنچے تھے جہاں انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چند روز قبل شہید ہونے والی خاتون روبی جان اور شہید نوجوان تنویر احمد کے گھروں میں جاکر انکے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ خاتون شہیدہ کے اہلخانہ نے اس موقع پر محمد یاسین ملک کو بتایا کہ روبی جان اپنے گھر کے اندر موجود تھی کہ خون کے خوگر بھارتی فوجیوں نے بندوقوں کے دہانے کھول کر اسے قتل کیا۔ محمد یاسین ملک کو اس مکان کی وہ کھڑکیاں بھی دکھائی گئیں جن پر گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ چیئرمین لبریشن فرنٹ نے اس موقع پر خاتون شہیدہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے اور وہ ان کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔محمد یاسین ملک شوپیاں کے دورے کے بعد بیج بہاڑہ گئے جہاں انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کی وفاف پر غم زدہ اہلخانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رہنما شیخ ضمیر احمد کے خالہ زاد بھائی کی وفات پر بھی رنج و غم کا اظہار کیا۔