خبرنامہ کشمیر

بھارتی حکمران کشمیریوں کو صفحۂ ہستی سے مٹانا چاہتے ہیں، سید علی گیلانی

بھارتی حکمران

بھارتی حکمران کشمیریوں کو صفحۂ ہستی سے مٹانا چاہتے ہیں، سید علی گیلانی

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ بھارتی حکمرانوں اور فوجی جنرلوں کے آئے روز دھمکی آمیز بیانات سے واضح ہوجاتا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر میں ایک منصوبہ بند طریقے سے نوجوان نسل کو صفحۂ ہستی سے مٹانا چاہتا ہے جس کے لیے قابض فورسز کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شوپیان میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں دومعصوم نوجوانوں کے قتل اور ایک درجن سے زائد افراد کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک عظیم سانحہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے اس واقعے کی تحقیقات کے اعلان کو دھوکہ اور فریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض لوگوں کا غصہ ٹھنڈا کرنے کا ایک حربہ ہے اور اس طرح کے واقعات کی ماضی میں کوئی تحقیقات ہوئی ہے اور نہ کسی مجرم کو عدالت کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج جموں و کشمیر میں سنگین جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اور اس کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے اور نہ ان جرائم کے لیے ذمہ دار اہلکاروں کی کہیں کوئی جوابدہی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حالات کو ابتر بنانے کی ذمہ دار بھارتی فورسزہیں۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور ڈسٹربڈ ائیریا ایکٹ جیسے کالے قوانین لوگوں کو قتل کرنے کا ایک لائسنس ہے جو جموں وکشمیر میں بھارتی فوج اور دیگر فورسز کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایسے واقعات کی کسی عالمی ادارے کے ذریعے تحقیقات نہیں کرائی جاتی، ان پر روک نہیں لگائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے پالیسی ساز پُرامن عوامی تحریکوں پر کوئی کان نہیں دھرتے ہیں اور نہ ان کا کوئی نوٹس لیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ جموں و کشمیر کی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے اور انسانی زندگیوں کے اتلاف میں اضافہ ہورہا ہے۔ سید علی گیلانی بھارتی حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں کہ کشمیری قوم گزشتہ 70سال سے اپنے بنیادی اور پیدائشی حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ اس کو سرحد پار کی دہشت گردی کا نام دیکر حقائق کو بدلا نہیں جاسکتا ہے۔یہ مقامی نوجوان محض بھارتی فوج کی بربریت اور ظلم کو دیکھ کر غیرت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور سر جھکانے کے بجائے سر اٹھا کر چلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعات اقوام عالم کے لیے چشم کشا ہیں۔انہوں نے شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیر ی قوم بھارت کے ظالم پنجوں سے ضرور آزادی ہوجائے گی۔