خبرنامہ کشمیر

بھارتی حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر کو میدان جنگ میں تبدیل کر دیاہے، تحریک حریت

سرینگر ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی کے طول وعرض میں بزرگوں اور کم عمر لڑکوں سمیت شہریوں کی گرفتاری کی لہر اوراملاک کی تباہی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے کو میدان جنگ میں تبدیل کر دیاہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت جموں کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار شام ہوتے ہی بستیوں کا رخ کرتے ہیں اور گھروں میں داخل ہوکر مکینوں کو زد وکوب اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ شروع کردیتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران اب تک 70ہزار سے زائد مکانات کی کھڑکیاں، دروازے اور شیشے توڑ دیے گئے ہیں اور فریج، ٹیلی ویژن، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء تباہ کی گئیں جبکہ ہزاروں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی کٹھ پتلی حکومت جبر و استبداد اور لوٹ مار کی ان کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کررہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی کیونکہ کشمیریوں نے اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے۔بیان میں امت اسلامی کے رہنما مولانا سجاد ہاشمی کی گرفتاری اور منظور احمد بھگت پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیے جانے کی بھی شدید مذمت کی۔