خبرنامہ کشمیر

بھارتی حکومت نہتے کشمیریوں پر ظلم فوری بند کرے،او آئی سی

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) اسلامی کانفرنس کی تنظیم(او آئی سی)نے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کیلئے ان کی جائز جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کیخلاف طاقت کا استعمال بند کرے۔منگل کو دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر سے متعلق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل خصوصی نمائندہ عبداللہ العلیم نے جدہ میں کشمیر سے متعلق سمینار اور تصویری نمائش کے موقع پر کہا کہ حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کشمیری عوام کی آذادی کیلئے جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔او آئی سی نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے کشمیریوں کیخلاف طاقت کا استعمال فوری بند کرے۔سمینار اور تصویری نمائش کا اہتمام او آئی سی اور جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔قونصل جنرل شہر یار اکبر خان نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ تقریب کا اہتمام 1947میں بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی داخلے کی یاد میں کیا گیا تھا۔کشمیری عوام کے حقیقی نمائندہ غلام محمد صفی نے سمینار کے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور عالمی برادی سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔چیئر مین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود احمد نے عالمی برادی پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں المیئے پر چپ کا روزہ توڑے۔انہوں نے کشمیری عوام کی جانب سے عبداللہ العلیم ایک قرار داد پیش کی،جس میں او آئی سی سے کشمیر کا مسلہ حل کرنے کیلئے کوششیں مزید تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرمنظور الحق نے مسلہ کشمیر کی حمایت پر او آئی سی اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کی ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔