خبرنامہ کشمیر

بھارتی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، مشترکہ مزاحمتی قیادت

بھارتی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، مشترکہ مزاحمتی قیادت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی میر واعظ عمر فاروق او رمحمد یاسین ملک نے شوپیاں چلو مارچ کو طاقت کے بل پر ناکام بنانے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے ناروا اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آمرانہ اور ظالمانہ اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کو زیر کرنے کا بھارتی خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ مزاحمتی رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پر امن احتجاجی پروگراموں کو پابندیوں ، چھاپوں اور گرفتاریوں کے ذریعے روکنا کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان میں سات بیگناہوں کا خون بہایا گیاجس کے خلاف کشمیری پر امن احتجاج کرنا چاہتے تھے جس کی انہیں اجازت نہیں دی گئی جو سراسر ریاستی دہشت گردی بھارتی جمہوریت کے کھوکھلے پن کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کو روکنے کیلئے جس بے تحاشہ فوجی طاقت کا استعمال کیا گیا وہ دنیاکے ساتھ ساتھ خود بھارتی عوام کیلئے بھی چشم کشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو ایک ایسے ذبح خانے میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں نوجوانو ں کے ساتھ ساتھ بچوں،خواتین اور معمر افراد کو بھی قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہ بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں ایک ہفتے کے دوران ایک دس سالہ بچے سمیت سات نوجوانوں کو گولیاں مار کر قتل جبکہ دو لڑکیوں سمیت کئی افراد کو زخمی کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی لڑکیاں ہسپتالوں میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ مزاحمتی ہنماؤں نے کہا کہ یہ قتل و غارت اور ظلم و جبر اب برداشت سے باہر ہوتا جارہا ہے لہذا مزاحمتی قیادت اسے روکنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے قتل میں مقبوضہ علاقے کے بھارت نواز رہنما برابر کے شریک ہیں کیونکہ یہ لوگ نام نہاد ایوانوں میں ایسے ظالمانہ قوانین بناتے ہیں جن کے ذریعے قابض بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل وغارت کی کھلی چھٹی مل جاتی ہے۔ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ بھارتی فوجی جب بیگناہوں کا خون بہاتے ہیں تو یہ بھارت نواز رہنما مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہیں اور تحقیقاتی کمیشن بنانے اعلان کرتے ہیں جسکا کبھی کوئی نتیجہ سامنے نہیں آتا۔ مزاحمتی رہنماؤں نے کہا کہ ظالم و جابر حکمرانوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ فوجی طاقت اور ظلم وجبر کے بل پر قوموں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھی شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔