خبرنامہ کشمیر

بھارتی ریاستی دہشت گرد ی کا نوٹس لے، میر واعظ

سرینگر : (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی فورسز کی طرف سے جامع مسجد سرینگر کے رواں برس 9جولائی سے مسلسل محاصرے اور شہریوں کو طاقت کے بل پر یہاں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمرفاروق نے ،جو سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بند ہیں، ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ جامع مسجد سرینگرکی مسلسل بندش کے ذریعے کشمیریوں کے مذہبی جذبات کو سخت ٹھیس پہنچا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں صریحاً مداخلت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری جامع مسجد میں نماز پڑھنا چاہتے ہیں لیکن قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ چار ماہ سے اسکا محاصرہ کر رکھا ہے ۔ میر واعظ نے کہا کہ یہ اقدا م کشمیریوں کے خلاف ایک طرح کا اعلان جنگ ہے ۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم ،علمائے دین اور عالمی مذہبی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں کو سیاسی ، معاشتری اور مذہبی حقوق سے محروم کرنے کے جابرانہ اقدام کا نوٹس لیں۔دریں اثنا حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق اور حریت مختار احمد وازہ، غلام نبی زکی، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام، انجینئر ہلال احمد وار اور دیگر حریت رہنماؤں کے علاوہ آزادی پسند کاکنوں اور ہزاروں عام کشمیری نوجوانوں کی گھروں ، جیلوں ، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے