خبرنامہ کشمیر

بھارتی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حریت رہنما

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو کم کرنے کی بھارتی سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی، نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور دیگر بھارت نواز جماعتیں اپنے حقیر مفادات کی خاطر مذموم بھارتی منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنماؤں پیرسیف اللہ، راجہ معراج الدین، حافظ بشیر احمد فاروقی، بشیر احمد قریشی، محمد یوسف مکرو، مدثر ندوی، محمد امین آہنگر اور غلام حسن شاہ نے حیدرپورہ، کھمبر حضرتبل، لولو پورہ بڈگام، پانتہ چھوک، گاشری پورہ ونپوہ، شیو پورہ، کلورہ شوپیان اور بومئی سوپور میں عوامی اجتماعات سے خطاب میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور دیگر ہندو انتہا پسند جماعتیں ایک عرصے سے جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کوبگاڑے کی سازشوں میں مصروف ہیں اور اس سلسلے میں انہیں مقبوضہ علاقے کی بھارت نواز جماعتوں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مضبوط بنارہی ہیں اور بیگناہ شہریوں کے قتل عام میں برابر کی شریک ہیں۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداء کے مشن کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور وہ جموں وکشمیر کی شناخت ، سا لمیت اور اس کی مخصوص ہیئت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام بنادیں گے۔