خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن کے دوران نوجوان شہید، 4 گرفتار

سری نگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان کو شہید اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے کپواڑہ کے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے نہتے کشمیری نوجوان کو درانداز قرار دے کر شہید کردیا۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا کہ کنٹرول لائن پر عسکریت پسند دراندازی کی کوشش کررہے تھے کہ اس دوران جھڑپ میں نوجوان مارا گیا۔

ادھر بھارتی پولیس نے سرینگر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ پولیس نے ناکے پر تلاشی کے بہانے ایک کار کو روکا اور اس میں موجود نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ قابض فورسز نے چاروں نوجوانوں پر عسکریت پسند ہونے اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی بھی کیا۔
برطانوی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے گی۔

مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلیے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد اقوام متحدہ میں بھیجا جائے گا جو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور دیگر عہدیداران سے مل کر کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلیے زور دے گا۔

اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے برطانیہ میں ایک کانفرنس بلائی جائے گی جس میں بھارت اور پاکستان کے نمائندے شریک ہوں گے، اس بات کا فیصلہ برطانوی پارلیمنٹ ہائوس آف کامنز میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر و برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اینڈریو گرفتھس کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا گیا، اس موقع پر اینڈریو گرفتھس نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلیے تیار ہیں اور ہم ہر فورم پر اس سلسلے میں آواز اٹھائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی برطانوی پارلیمنٹ مذمت کرتی ہے۔