خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں نےخوف و دہشت کی لہرپھیلا رکھی ہے: لبریشن فرنٹ

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے ضلع پلوامہ کے علاقے کھریو میں ایک بیگناہ لیکچرر شبیر احمد کے قتل کی تحقیقات کے بھارتی فوج کے اعلان کو محض ایک ڈرامہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اعلان کا مقصد مجرم فوجیوں کو کلین چٹ دینا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین ایڈووکیٹ بشیر احمد بٹ نے سرینگر کے علاقے چھانہ پورہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوے کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ تقریباً ڈیڑھ ماہ سے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کی لہر پھیلا رکھی ہے اور کشمیریوں کو اس وقت بھارت کی طرف سے بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران اسی کشمیریوں کو قتل جبکہ آٹھ ہزار کے قریب کو زخمی کر دیا گیاجبکہ درجنوں نوجوانوں کو بصارت سے محروم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے پالپورہ، نور باغ، بٹہ مالو، سوئیہ بگ، زینہ کوٹ اور سرینگر کے دیگر علاقوں میں خوف و دہشت پھیلا رکھی ہے اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے فورسز کو ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے کیلئے خوف وہشت پھیلا دیں۔ بشیر احمد بٹ نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ حریت قیادت کے پروگراموں پر یکسوئی کے ساتھ عمل درآمد کریں اور اپنے احتجاج کو پر امن رکھیں۔ انہوں نے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ۔یاد رہے کہ شبیر احمد کو بھارتی فوجیوں نے چند روز قبل گھرپر چھاپے کے دوران گرفتاری کے بعد شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنا تے ہوئے شہید کر دیا تھا۔