خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں نے اکتوبرمیں20کشمیریوں کو شہیدکیا، رپورٹ

نیشنل کانفرنس

بھارتی فوجیوں نے اکتوبرمیں20کشمیریوں کو شہیدکیا، رپورٹ

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ اکتوبر میں20 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کیاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے بدھ کو جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں 217 افرادشدید زخمی ہوئے جبکہ اس عرصے کے دوران 308حریت رہنماؤں اورشہریوں جن میں بیشتر نوجوان شامل تھے کوگرفتار کیاگیا۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے گزشتہ ماہ زبردستی گھروں میں گھس کر کم سے کم چار خواتین کی بے حرمتی کی، 48گھروں کو نقصان پہنچایا اور سینکڑوں گھروں میں لوٹ مار کی ۔
مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پرمشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا ہے جن مذاکرات کا مقصد مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے بجائے جبری فوجی قبضے کو طول دینا ہو، ان میں شمولیت سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مزاحمتی رہنماؤں نے سرینگر میں ایک اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہاکہ بھارتی وزیر اعظم کے بیان سے ہمارایہ موقف درست ثابت ہوا ہے کہ بھارت مذاکرات کا شوشہ چھوڑ کردنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیرکو اندرونی خودمختاری دینے کے کانگریس رہنما پی چدمبرم کے بیان کو تنقید کانشانہ بنایا تھا۔ مزاحمتی رہنماؤں نے کہا کہ ہمارا ہدف اندرونی خودمختاری نہیں بلکہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کبھی بامعنی مذاکراتی عمل کیخلاف نہیں رہے ہیں بشرطیکہ انکا مقصدمسئلہ کشمیر کا مستقل حل تلاش کرنا ہو۔