خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں نے تین اور کشمیر ی نوجوانوں کو شہید کردیا

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع اسلام آباد کے علاقے پہلگام میں تین اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں ضلع کے علاقے آوورہ پہلگام میں رہائشی مکان کے ملبے سے نکالی گئی جسے بھارتی فوج کی 3راشٹریہ رائفلز اور پیراملٹری فورسز نے محاصرہ کر کے ایک کارروائی کے دوران مارٹرگولوں اور دھماکوں کے ذریعے کر تباہ کردیا تھا۔ بھارتی پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں کی شناخت عادل احمد ریشی ساکنہ بیج بہاڑہ، عابد احمد شیخ سٹھکی پورہ اور مسعود احمد شاہ بیوورا کے طور پر ہوئی ہے۔ بھارتی پولیس کے مطابق شہید ہونے والے تینوں نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔ علاقے کے رہائشیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے گھر کو شدید گولہ باری اوردھماکوں سے تباہ کیا ۔دریں اثناء علاقے میں نوجوانوں کے قتل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ ہوا ۔فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔