خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں نے 2017ء میں18بچوں سمیت 291 بے گناہوں کو شہید کیا

بھارتی فوجیوں نے 2017ء میں18بچوں سمیت 291 بے گناہوں کو شہید کیا

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے سال 2017 میں 6 خواتین اور18 بچوں سمیت291 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ان میں سے22 افراد کو دوران حراست شہید کیاگیا۔ان شہادتوں کی وجہ سے 31 خواتین بیوہ اور73 بچے یتیم ہوئے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے 211 خواتین کی بے حرمتی کیں۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے گھروں پر چھاپوں، کریک ڈاؤنز،فائرنگ، پیلٹ، پاوا اور آنسو گیس کی شیلنگ کے دوران4 ہزار 674 شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ ، نعیم احمدخان ، الطاف احمد شاہ ، شاہدالاسلام ، ایاز اکبر ، پیر سیف اللہ راجہ معراج الدین کلوال ، فاروق احمد ڈار ، کشمیری تاجر ظہور وٹالی ، محمد اسلم وانی ، فوٹو جنرلسٹ کامران یوسف ، سید صلاح الدین کے بیٹے سید شاہد یوسف اور جاوید احمد کے علاوہ حریت کارکنوں،طلباء ،نوجوانوں اور خواتین لیڈروں سمیت 3 ہزار529 افراد کو گرفتار کیاگیا ۔ گزشتہ ماہ دسمبر میں بھارتی فوجیوں نے دو خواتین سمیت 14کشمیریوں کو شہید کردیاجبکہ دوبچے یتیم ہوئے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز نے پرامن مظاہرین کے خلاف گولیوں، پیلٹ گن اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 181افراد کو زخمی اور حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 197 شہریوں کو گرفتارکرلیاہے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز نے 125رہائشی مکانات تباہ کئے اور10خواتین کی بے حرمتی کی ۔