خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں کی خود کشی کے بڑھتے واقعات شدید ذہنی تناؤ کا مظہرہیں، انجینئر رشید

بھارتی فوجیوں کی خود کشی کے بڑھتے واقعات شدید ذہنی تناؤ کا مظہرہیں، انجینئر رشید

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے مقبوضہ علاقے میں تعینات بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رحجان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ان واقعات سے بھارتی فوجیوں میں پائے جانیوالا شدید ذہنی تناؤ ظاہر ہوتا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے ہندواڑہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دو دونوں کے دوران ضلع کپواڑہ کے علاقے لنگیٹ اورلولاب میں دو بھارتی فوجیوں کی خودکشی سے کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں میں پائے جانیوالے شدید ذہنی و اعصابی تناؤ ظاہر ہوتاہے۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے ان لوگوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے جوبھارت بھر میں نفرتیں پیدا کرکے جنگ پر اکسانے کی مہم چلارہے ہیں۔انجینئر رشید نے کہا کہ فوجیوں کی پے درپے خود کشی کے واقعات سے سمجھ لیا جانا چاہیے کہ فوجیوں اور دیگر فورسز کے اہلکاروں کی ذاتی زندگیاں کس حد تک انکے خطے کے کشیدہ حالات سے متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل پرزوردیتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے واقعات پہلی بار سامنے نہیں آئے بلکہ اس سے قبل بھی کئی بھارتی فوجی ذہنی و اعصابی تناؤ کا شکار ہو کر یہ انتہائی قدم اٹھاچکے ہیں ۔