خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان چل بسا

بھارتی فوجیوں

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان چل بسا

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے حال ہی میں زخمی ہونے والا نوجوان سرینگر کے ایک ہسپتال میں چار روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بدھ کو چل بسا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 27 جنوری کو ضلع شوپیان کے علاقے گنو پورہ میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے دو نوجوانوں20سالہ جاوید احمد بٹ اور 24سالہ سہیل جاوید لون کو شہیدجبکہ متعدد کو زخمی کردیاتھا۔ ایک 19سالہ زخمی نوجوان رئیس احمد گنائی کو سرینگر کے صورہ ہسپتال کی انتہائی نگہداشت وارڈمیں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ رئیس احمد گنائی کی شہادت سے شوپیاں میں فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی۔صورہ ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ رئیس احمد کے سر میں گولی لگی تھی جس کے باعث ان کا دماغ بری طرح متاثر ہوا تھا ۔ دریں اثنا دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں ایک بیان میں شوپیاں میں نوجوانوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے قابض انتظامیہ کے علان کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا اعلان انتظامیہ کا ایک اور ڈرامہ ہے جس کا واحد مقصد لوگوں کے غم وغصے کو کم کرنا ہے۔