خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں 6 کشمیری نوجوان شہید

ششتر گام ڈورو

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں 6 کشمیری نوجوان شہید

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں 6 اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے پنہومیں فوجی کیمپ کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کر کے ان نوجوانوں کو شہید کیا۔اس واقعے کے خلاف شوپیاں ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اس موقع پر مظاہرین اور فورسز کے اہلکاروں کے درمیان زبردست جھڑپیں بھی ہوئیں۔ انتظامیہ نے سرینگر ، اسلام آباد ، شوپیاں، پلوامہ اور کولگام کے اضلاع میں سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں اور جنوبی کشمیرمیں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن نے آج منعقد ہونیوالے امتحانات ملتوی کر دیئے ہیں ۔ادھر بھارتی پولیس نے ضلع راجوری میں دو الگ الگ مقامات پر تلاشی کی بڑی کارروائیاں شروع کیں۔ عینی شاہدین کے مطابق فورسز نے چاوا، موچی محلہ ، کشرموڑ ، ٹنڈوال ، ٹھنڈی کسی ، ایران کھنی تار، گھمبیر اور کاکورہ اوردیگر علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں ۔دریں اثناء مشترکہ حریت قیادت کی کال پر پوری وادی کشمیرمیں آج ہڑتال ہے ۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے جگہ جگہ بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر کے پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔