خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوجی کیمپوں میں نوجوانوں کو ہراساں کئے جانے کی مذمت

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرکی بھارتی فوجی کیمپوں میں نوجوانوں کو ہراساں کئے جانے کی مذمت

سرینگر (ملت آن لائن) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجی کیمپوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان میں موجود اہلکاروں کی طرف سے نہتے کشمیری عوام کو خو ف و ہراس اور ظلم و تشدد کا نشانہ بنانے پرشدیدتشویش ظاہر کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈووکیٹ زاہد علی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی اور مقامی اداروں پر زوردیا کہ وہ انسانی آبادیوں میں قائم بھارتی فوجی کیمپ ہٹانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں اور وہاں تعینات بھارتی فوجیوں کی طر ف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات مل سکے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضلع کولگام میں قائم فوجی کیمپوں میں تعینات فوجی جگہ جگہ پر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مسافر گاڑیوں سے سواریوں خاص طور پر نوجوان طلبا کو اتا رکر کے ہراساں کرتے ہیں اور ان سے بلاجواز طوپر پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور ان کے شناختی کارڈ ضبط کرکے کیمپوں میں آنے کا حکم دیاجاتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ فوجی کیمپوں میں ان نوجوانوں کو خوفزدہ کرنے کے علاوہ جبری طوپر بیگار لی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی کارروائیاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہونے کے ساتھ ساتھ سامراجی ذہنیت کی عکاس ہیں۔