خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں لاشیں گرائے اور ہم تماشا دیکھیں یہ ہونہیں سکتا: سردار عتیق

مظفرآباد(ملت + آئی این پی) صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں لاشیں گرائے اور ہم تماشا دیکھیں یہ ہونہیں سکتا‘ 24 نومبر کو پرامن جدوجہد کررہے ہیں پاکستانی سیاسی قیادت کو سیز فائر لائن توڑنے کی کال میں شامل نہیں کرتے وہ اپنی سیاسی جدوجہد ہمارے ساتھ جاری رکھیں گے۔ بحران مظفر وانی کی شہادت نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ مسلم کانفرنس نے الحاق پاکستان کا نعرہ دیا‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے زیر اہتمام 24 نومبر کو سیز فائر لائن توڑنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مرکزی چیئرمین آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ راجہ ثاقب مجید‘ سابق وزیر حکومت مرتضیٰ گیلانی‘ میر عتیق‘ انصر پیرزادہ‘ خواجہ شفیق‘ میر امتیاز‘ شیخ مقصود‘اظہر گیلانی‘ سجاد عباسی‘ عاصم نقوی‘ یاسر نقوی‘ راجہ قضافی ‘ راجہ افتخار‘ ہارون آزاد‘ محسن مجید‘ راجہ اکمل‘ صفید عباسی‘ عاصم نقوی‘ وقاص گیلانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی چیئرمین راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ ریاست کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے‘ بھارت کی بندوقوں کے سائے تلے کشمیری نوجوان شہید ہو رہے ہیں‘ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان نے نیلہ بٹ سے تحریک کا آغاز کیا‘ 22 سال کی عمر میں برہان وانی نے شہید ہو کر تحریک میں نئی جان ڈالی۔ تحریک آزادی کیلئے اخلاص جوش و جذبہ ہونا چاہیے۔ کارکنان چکوٹھی کی طرف قافلہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ پیر مرتضیٰ گیلانی نے کہا کہ 24 نومبر کی کال مسلم کانفرنس کیلئے اس لیئے ضروری تھی پی پی حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کچھ نہیں کیا‘ مسلم لیگ ن کو عوام نے بڑا مینڈیٹ دیا لیکن مسلم لیگ ن نے تین سال میں کچھ نہیں کیا۔ ہم نے میاں نوازشریف کوکشمیری النسل تسلیم کیا مگر انہوں نے ریاستی عوام اور مہاجرین کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ میاں نوازشریف نے مقبوضہ کشمیر سے آئے مہاجرین کیساتھ جو وعدہ کیا تھا وہ بھی وفا نہیں ہوسکا ‘ نوازشریف اگر کشمیری النسل کے دعویدار ہیں تو انہوں نے مہاجرین سے ملاقاتیں تک کیوں نہیں کیں۔ مہاجرین سے نہ ملے اور مودی کی دوستی کو بہتر سمجھا اور کاروبار کو ترجیحی ۔ مقررین نے کہا کہ 24 نومبر کی کال پر مکمل لبیک کہتے ہیں ‘ 24 نومبر کی کال کشمیریوں کی کال ہے ‘ ہم ریاستی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اسی لیئے ریاستی عوام کے حقوق کی بھی بات کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے خون سے تحریک زوروں پر ہے اور مسلم کانفرنس کا فرض ہے کہ کشمیریوں کی آواز کو اپنی آواز سمجھ کر آگے بڑھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے بہترین تقریب کے انعقاد پر راجہ ثاقب مجید اور مرتضیٰ گیلانی کو مبارکباد دی۔