خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوج کا بوکھلاہٹ اور ذہنی دیوالیہ پن ظاہر ہوتا ہے، آسیہ اندرابی

بھارتی فوج کا بوکھلاہٹ اور ذہنی دیوالیہ پن ظاہر ہوتا ہے، آسیہ اندرابی

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کشمیر کے بارے میں بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے حالیہ بیان کو ان کی ذہنی پراگندگی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر ایک بار پھر 1990ء کے حالات سے دوچار ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے جنرل راوت کے گزشتہ روز کے بیان کہ کشمیری عوام تھک چکے ہیں اور انہیں احساس ہوگیا ہے کہ وہ اپنا مقصد حاصل نہیں کرسکتے جس کے وہ خواہشمند ہیں، پرسرینگر میں جاری ایک بیان میں تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے بیان سے ان کی لاعلمی اور ذہنی دیوالیہ پن کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل راوت کو معلوم ہونا چاہیے کہ آج کی کشمیر کی صورتحال1990ء کی صورتحال کے مماثل ہے کیونکہ کریک ڈاؤنز، مظالم ، نظربندیاں، گرفتاریاں اور قتل نا حق کا بازار پھر سے گرم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بیانات سے واضح ہوجاتا ہے کہ جنرل راوت اس بیان سے کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو ہی بیوقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس بات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے کہ کشمیر میں ڈاکٹروں، سکالروں اور دانشوروں سے لیکر چھوٹے بچے تک بھارت سے آزادی کیلئے مسلح جدوجہد میں شامل ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تمام لوگ مزاحمتی تحریک سے وابستہ ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ بھارت نے اس تحریک مزاحمت کی بیخ کنی کیلئے ہر ممکن کوشش کی، گزشتہ برس ہماری اقتصادیات کو زک پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن بیش بہا نقصان کے باوجود بھی کشمیری عوام حریت قیادت کی پشت پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس دانستہ طورپرپھلوں کی صنعت کو نقصان پہنچایا گیا۔ یہ بھی کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے کی کوشش تھی لیکن ایک بار پھر نقصان اٹھانے کے باوجود کشمیری عوام نے استقامت کا مظاہرہ کیا۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیر کے مزاحمت پسند عوام ہر قربانی دینا پسند کرتے ہیں لیکن جبری قبضہ قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بیانات کے ذریعے جنرل راوت اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کی کوشش کر رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں بھارت کی تمام کوششیں اور پالیسیاں ناکام ثابت ہوچکی ہیں اور جب تک بھارت کشمیر پر سے اپنا جبری تسلط ختم نہیں کرتا وہ ناکام رہے گا۔ حریت رہنماء نے کہاکہ کشمیری عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت اسرائیل کے تعاون سے سازشیں کر رہا ہے تاہم ہمیں ان سے ہوشیار رہنا چاہیے اورہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارا واحد ہدف بھارت کے جبری تسلط سے آزادی ہے۔