خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوج کی تیز رفتا ر گاڑی کی ٹکر سے کشمیری شہری جاں بحق

بھارتی فوج کی تیز رفتا ر گاڑی کی ٹکر سے کشمیری شہری جاں بحق

سرینگر (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ایک تیز رفتار گاڑی نے ضلع کولگام میں ایک شہری کو ٹکر مار کر جاں بحق کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد حسین ایتونامی شہری ضلع کے علاقے ویسو میں بھارتی باڈر سیکورٹی فورس کی ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔ ویسو قاضی گنڈ میں شہری کے قتل پر لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا ۔ مظاہرین ایتو کے قتل میں ملوث فوجیوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہوں نے سرینگر جموں شاہراہ پر دھر نابھی دیاجس سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی ۔ ایس ڈی پی اوقاضی گنڈ آفتاب احمد نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے سرینگر سے فوجی گاڑی کو قبضے میں لے لیاگیاہے۔

…………………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے… کشمیر کے بارے میں سابق بھارتی وزیر داخلہ کے بیان کا خیرمقدم

سرینگر(ملت آن لائن) کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم کے کشمیر بارے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طور مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پی چدمبرم کے بیان جس میں انہوں نے کشمیر پر بھارتی پالیسی کو ناکام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دانشمندی اسی میں ہے کہ اس دیرینہ تنازعے کے سیاسی حل کیلئے کام کیاجائے، کو دیر آید اور درست آید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حریت کانفرنس کا روزِ اول سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسے سیاسی طور ہی حل کیا جاسکتا ہے لیکن بھارتی حکمرانوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو فوجی طاقت کے بل پر محکوم رکھنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنونی، غیر سیاسی اور غیر انسانی طرزِ عمل اور سوچ سے کشمیری قوم نہ تو ماضی میں بھارتی حکمرانوں کے ظلم وجبر سے مرعوب ہوئی ہے اور نہ ہی مستقبل میں وہ اسے قبول کر ے گی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے ایک جائز جدوجہد کررہے ہیں اور جب تک بھارت کا ایک بھی فوجی کشمیر میں موجود ہے، یہ جدوجہدہر قیمت اور ہر صورت میں جاری رہے گی۔ حریت ترجمان نے آزادی پسندوں کو ’’آہنی ہاتھوں‘‘ سے کچلنے کے بی جے پی کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ ستر برس کے دوران ہر طرح کا ظلم و جبر کشمیریوں پر آزمایا ہے تاہم وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے اور وہ مستقبل میں بھی اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم کل بھی بھارت کے جبری تسلط کے خلاف تھے اور وہ آج بھی ہیں۔بھارت نے کشمیر میں اپنی تمام تر فوجی طاقت جھونک دی ہے اور وقتا فوقتا کشمیریوں کو مراعات اور پیکجوں کے اعلانات کے ذریعے اپنی تحریک آزادی ترک کرنے کی کوشش بھی کرتا رہا تاہم گزشتہ سات دہائیوں کے بعد بھی کشمیرمیں محبوبہ مفتی اور عمر عبداﷲ جیسے چند لوگوں کے سوا بھارت کا کوئی خریدار پیدا نہیں ہوا ہے، اس کے برعکس کشمیر کی نوجوان نسل کا جذبہ آزادی اور زیادہ مضبوط اور توانا ہوگیا ہے اور وہ بھارت کے ساتھ کسی بھی طرح کا سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہ آر ایس ایس اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیمیں کشمیری قوم کے جذبہ حریت کو کسی بھی صورت میں دبانے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ترجمان نے بھارتی پالیسی سازوں کو مشورہ دیا کہ وہ زمینی حقائق کو قبول کرتے ہوئے کشمیر کے حوالے سے اپنی ناکام پالیسی پر اصرار کرنا ترک کردیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کا متنازعہ ہونا ایک اٹل حقیقت ہے جسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ کانگرس پارٹی اپنے ساٹھ سالہ دور اقتدار میں کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو کچلنے میں ناکامی کے بعد اب جان چکی ہے کہ کشمیریوں کے حوصلوں کو کمزور نہیں کیا جاسکتا لہذا اب وہ بی جے پی کی قیادت کو مشورہ دے رہی ہے کہ طاقت اور ظلم وجبر سے مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بہتر یہی ہے کہ بھارتی حکمران اپنی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کریں۔