خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوج کے جنگی جرائم کی کوئی جوابدہی نہیں کی جاتی ہے: علی گیلانی

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں بھارتی فوج کی طرف سے عام شہریوں کو انسانی ڈھال بناکرقتل کرنے اورپرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دودرجن سے زائد افراد کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج جموں و کشمیر میں سنگین قسم کے جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اور ان جرائم کے ذمہ دار اہلکاروں کی کہیں کوئی جوابدہی نہیں کی جاتی ہے۔انہوں نے شہریوں کے قتل کی تحقیقات کرانے کے حوالے سے ایک کٹھ پتلی وزیر کے بیان کو دھوکہ دہی اور ڈھکوسلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض لوگوں کا غصہ ٹھنڈا کرنے کا ایک حربہ ہے اور ماضی میں اس طرح کے واقعات کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئی اور نہ کسی مجرم کو عدالت کے کٹہرے تک لایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور استعمال کرنے اور شہداء کے جنازوں میں لوگوں پر راست فائرنگ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور یہ سراسر ریاستی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کو ابتر بنانے کے لیے قابض فورسز ذمہ دار ہیں جو ایسے مواقع پر طاقت کا بے تحاشا استعمال کرتی ہیں اور مجاہدین کی موجودگی کا بدلہ عام شہریوں سے لیتی ہیں۔حریت چےئرمین نے کہا آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور ڈسٹربڈ ایریا ایکٹ جیسے کالے قوانین لوگوں کو قتل کرنے کا ایک لائسنس ہے جو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج اور دیگر فورسز کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان واقعات کی کسی عالمی ادارے کے ذریعے تحقیقات نہیں کرائی جاتی، ان کو روکا نہیں جاسکتا۔ حریت چےئرمین نے فرصل کولگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سرفروشوں نے سوچ سمجھ کر اپنے لیے ایک راستے کا انتخاب کیا ہے اوروہ ایک مقدس کاز کے لیے اپنی زندگیوں کو قربان کررہے ہیں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ دہلی کے پالیسی ساز پُرامن عوامی تحریکوں پر کوئی کان نہیں دھرتے ہیں جس کے نتیجے میں جموں و کشمیر کی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے اور انسانی زندگیوں کے اتلاف میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری قوم گزشتہ 70سال سے اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور اس کو سرحد پار کی دہشت گردی کا نام دیکر حقائق کو تبدیل نہیں کیاجاسکتا ہے۔دریں اثناء سید علی گیلانی کی ہدایت پر آج کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی، طارق احمد شاہ اور جہانگیر احمد پر مشتمل وفد ہٹی وارہ اور ہڑی گام کولگام گیا او فرصل کولگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین سےِ تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا۔غلام نبی سمجھی نے اس موقع پرشہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے بچے کشمیر کی آزادی کے لیے ایک مبنی برحق جدوجہد کررہے ہیں اور قوم کے کل کے لیے اپنا آج قربان کررہے ہیں۔