خبرنامہ کشمیر

بھارتی فوج کے سربراہ اور بی جے پی لیڈر کے بیانات کی شدید مذمت،حریت

بھارتی فوج کے

بھارتی فوج کے سربراہ اور بی جے پی لیڈر کے بیانات کی شدید مذمت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارت کا دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے کیونکہ بھارت سیاسی قیادت سے لیکر عسکری قیادت تک ایک فسطائی ملک بن گیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے ان خیالات کا اظہار بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اور بی جے پی کے لیڈر دیوندر رینا کی طرف سے شوپیاں میں نہتے کشمیریوں کے قتل کو جائز قراردینے اورکالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے تحت نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی لیڈر مجرمانہ اور انتہا پسند انہ ہندوذہنیت کا مالک ہے اورجس طرح اس نے بھارتی فوج کے ظلم و بربریت اور سفاکیت کی تائید اور توثیق کی ہے، اس سے کشمیر بارے بھارتی سیاسی وفوجی قیادت کے ارادے صاف ظاہر ہیں کہ وہ کسی بھی کشمیری کو زندہ دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ ان کو صرف کشمیر کی زمین سے دلچسپی ہے، جس پر وہ اپنا ناجائز قبضہ ہر قیمت پر جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ بھارتی فوجی سربراہ کے بیان کہ ابھی کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کی ضرورت پر ردِ عمل ظاہر کرتے حریت ترجمان نے کہا کہ کالے قانون کی آڑ میں یہ لوگ کشمیرمیں نہتے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کرکے اپنے مسلمان دشمن ذہنوں کو تسکین فراہم کررہے ہیں اور یہ کشمیریوں کے قتل عام کو بھارت کی خدمت سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کے قتل وغارت گری کا بازارگرم رکھنا چاہتی ہے ، وہ کسی اخلاقی ضابطے کی پابند ہے اور نہ وہ اس سلسلے میں عالمی سطح پر تسلیم شدہ قوانین کا کوئی احترام کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ بھارتی فوج کے سربراہ اور بی جے پی لیڈر کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت مقبوضہ علاقے میں ہر کشمیر ی کوقتل کردینا چاہتی ہے انہیں صرف کشمیر کی زمین چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسی دھمکیوں سے ہم ماضی میں مرعوب ہوئے ہیں اور نہ مستقبل میں ان کا کوئی اثر ہوگا۔ فوجی سربراہ اور پی جے پی لیڈر نے ایسا بیان دیکر صرف اپنی شخصیت کو بے نقاب اور اپنی سطحی ذہنیت کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے ۔ ادھرحریت رہنماؤں حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، محمد احسن اونتو ،امتیاز احمد ریشی اورغلام نبی واراورجموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھی اپنے بیانات میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا جواز پیش کرنے پر بی جے پی کے مقامی لیڈر دیوندر رینا کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا ہے