خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسزانسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہی ہیں، شبیرشاہ

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز علاقے میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ نئی دہلی کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے کہ کشمیری عوام اس کی حاکمیت کبھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 69 سال سے مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں بھارت کے یوم آزادی منانے کے باوجودکشمیری عوام ثابت قدمی کے ساتھ بھارتی تسلط سے آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں۔بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ یہ چند لوگوں کی تحریک نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک کروڑ پچیس لاکھ کشمیری عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے یوم آزادی کو اس وقت تک یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے جب تک تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں یا سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر کو زیادہ دیر تک طول نہیں دے سکتا بلکہ اسے یہ مسئلہ حل کرنا پڑے گا۔ دریں اثناء ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں لیتہ پورہ کے سہیل احمد وانی کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کالے قانون آرمڈفورسزسپیشل پاورز ایکٹ کے نفاذ سے وادی کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہواہے۔ انہوں نے معصوم شہریوں کے قتل پر قابض انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے نندریشی کالونی بمنہ میں ایک خاتوں کے جاں بحق ہونے پربھی افسوس ظاہر کیا جو بھارتی فورسز کی دھمکیوں کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئی۔ترجمان نے وادی کشمیر میں تعلیم کے کمیونٹی سینٹرز قائم کرنے پر زوردیتے ہوئے اساتذہ اور تعلیم یافتہ افرادسے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں رضاکارانہ طور پرکردار ادا کریں تاکہ ضرورتمند طلباء فائدہ اٹھا سکیں۔