خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسز نے بانڈی پورہ اور کپواڑہ میں مزید 4کشمیریوں کو شہید کردیا

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن ایک اور ضلع کپواڑہ کے علاقے لنگیٹ مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیاگیا۔ اس سے قبل ان ہی علاقوں میں جھڑپوں کے دوران ایک میجر سمیت 4 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ ایک سی آرپی ایف کمانڈنٹ سمیت 6 فوجی اور6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔زخمی اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے اوران کو علاج کے لئے سری نگر میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمی فوجی اہلکاروں کی شناخت میجر بی ایس تھاپا ، سپاہی مکیش چندرا بھٹ ، سپاہی جتیندر سنگھ، سندیپ کمار اور روی کمار جبکہ سی آر پی ایف کمانڈنٹ کی شناخت چیتن چتا کے طور پر ہوئی ہے۔کمانڈنٹ کو علاج کیلئے دلی لے جایا گیاہے۔ ادھر ضلع کپوارہ کے علاقے کرالہ گنڈ لنگیٹ میں بھی ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کا ایک میجر ایس دھایا ہلاک ہوگیا۔دریں اثناء نوجوانوں کے قتل کے خلاف بانڈی پورہ کے حاجن، سمبل، نائد کھے، صفاپورہ، صدر کوٹ بالا اور دیگر علاقوں میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے اور مظاہرین آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگارہے تھے ۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 22افراد کو زخمی کردیا۔ احتجاجی مظاہرین نے جواب میں بھارتی فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمبل سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی بے تحاشا شلنگ کی گئی اور پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے صدر کوٹ بالا اور حاجن میں مکانوں کی توڑ پھوڑ کی اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا ۔حاجن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں دن بھر ہڑتال کی وجہ سے کاروبار زندگی معطل رہا۔ ادھرضلع کپوارہ کے علاقے منزگام رامحال میں بھارتی فوج نے کریک ڈاؤ ن کر کے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے سخت سردی اور بھاری برف کے با وجود بھارتی فوج نے انہیں گھروں سے باہر نکال کر ان کے شناختی کارڈ چیک کئے۔