خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسز نے روبینہ جان کوگولی مارکرشہید کیا

بھارتی فورسز نے روبینہ جان کوگولی مارکرشہید کیا
سرینگر(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرکے ضلع شوپیاں کے علاقے وانپورہ میں منگل کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالی خاتون روبینہ جان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی احتجاجی مظاہرے میں شامل نہیں تھی بلکہ گھر میں ہی گولی لگنے سے وہ شہید ہوئی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اہلخانہ کے مطابق روبینہ جان اپنے گھرمیں کھڑکی کے پاس بیٹھی اور اس کی آٹھ ماہ کی بچی گود میں تھی جب بھارتی فورسز نے دو نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کی اور ایک گولی روبینہ کے پیٹ میں لگنے سے وہ خون میں لت پت ہوگئی او ر بچی اس کی گود سے گرگئی ۔ روبینہ جان کے بھائی محمد یعقوب نے صحافیوں کو بتایاہے کہ ان کی بہن کسی احتجاجی مظاہرے میں شامل نہیں تھی بلکہ گھر میں موجود تھی جب اسے گولی لگی۔ انہوں نے روبینہ کے احتجاجی مظاہرے میں شامل ہونے کے بھارتی پولیس کے دعوے کو من گھڑت اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روبینہ کو گھر میں گولی مار کر شہیدکیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ نہ تو میری بہن کسی احتجاج کا حصہ تھی اور نہ ہی کسی سنگ باری میں شریک لیکن فورسز نے اسے بھی نہیں بخشا ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس حقیقت پر پردہ ڈال کر جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ روبینہ کی آٹھ ماہ کی معصوم بچی یہ بھی نہیں جانتی کہ اْس کی ماں کہاں چلی گئی ہے۔یعقوب نے کہاکہ روبینہ جو اپنے والدین کے گھر میں مقیم تھی کوگولی لگنے کے بعد شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایاگیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔انہوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے اور انہیں انصاف دلایا جائے۔ روبینہ کے دیور غلام محمد بٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ روبینہ کو گھر میں موجود تھی جب اسے گولی لگی ۔