خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، تحریک حریت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیرنے تنظیم کے رہنماؤں دانش ملک، فاروق احمد شیخ اور طاہر احمد کوکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کرنے اور کریر ی کے سپیشل ٹاسک فورس کے کیمپ میں نظر بند جوانوں کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت جموں وکشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ عروج پر ہیں اورمحاصروں ، چھاپوں ، بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے باعث نہتے شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ترجمان نے کہا کہ تحصیل بانڈی پورہ کے صدر دانش ملک پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کے سبب پورے خطے کا سکون غارت ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کریری میں قائم سپیشل ٹاسک فورس کے کیمپ نے علاقے کے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کیمپ کے اہلکار علاقے کے نوجوانوں کو گرفتار کر کے یہاں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جس کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کے حوالے سے سخت پریشان ہیں۔