خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے ،میر واعظ

سرینگر :(ملت+ اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں میرواعظ عمرفاروق کی زیرقیادت حریت فورم نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے ظلم و تشدد ، گرفتاریوں اور قتل عام کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور ماردھاڑ ، گھروں کی توڑ پھوڑ ،لوٹ مار ، بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں ، گرفتاریوں اور چھاپوں کی کارروائی میں تیزی آگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے وادی کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ ایک طرف تو شعبہ تعلیم اور کشمیری طلباء کے مستقبل کے حوالے سے کافی فکرمند ہونے کا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف داؤد احمد زرگراور اس جیسے سینکڑوں کشمیری طلبہ کو ناکردہ گناہوں کی پاداش میں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کشمیر سے باہر کی جیلوں میں نظربند کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کارروائی انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کا واضح ثبوت ہے ۔ترجمان نے کہاکہ انتظامیہ ان کارروائیوں کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز ترال ، بانڈی پورہ ، سوپور اور کپواڑہ میں چھاپے مار کر بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان پر کالا قانون پی ایس اے لاگو کر رہی ہے ۔