خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسز کی شیلنگ سے بڑی تعداد میں کشمیری متاثر

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں جہاں سو سے زائد افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہو ئے ہیں وہیں آنسو ، مرچی اور پاوا گیس کی شیلنگ کے باعث 8 ہزار کے لگ بھگ افراد سینے کے مختلف امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے شائع ہونے والے ایک اردو روزنامے کی رپورٹ کے مطابق سرینگر کے علاقے درگجن ڈلگیٹ میں واقع امراض سینہ کے ہسپتال میں 300، صورہ ہسپتال میں 560،سکمز ہسپتال میں 2400، جواہر لعل نہرو میموریل ہسپتال رعناواری میں 180جبکہ آیوش اسپتال میں 4233 ایسے مریضوں کا علاج کیا گیا ہے جو چھاتی کے مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق درگجن ڈلگیٹ ہسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر نوید نذیر نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران روزانہ ہسپتال آنے والے مریضوں میں 10افراد ایسے ہوتے ہیں جومرچی گیس ، پاوا شلوں اور آنسو گیس کی وجہ سے چھاتی کے امراض کے شکار ہوگئے ہیں۔ جے وی سی اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اخبار کو بتایا کہ پچھلے چار ماہ کے دوران روزانہ 60 سے 70مریض اسپتال کا رخ کرتے ہیں جن میں 20افراد ایسے ہوتے ہیں جو آنسو گیس ، مرچی گیس اور پاواشلوں کی وجہ سے چھاتی کے مختلف امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں اور اس طرح کے چوبیس سو افراد کا اب تک ہسپتال میں علاج کیا جاچکا ہے۔