خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری شہید

بھارت:(اے پی پی) بھارت کے یوم آزادی پر کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں،حریت رہنماؤں کی اپیل پر گھروں اور دکانوں پر سیاہ پرچم لہرا دیے گئے ہیں، بھارتی قابض فوج نے سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو پھر گرفتار کرلیا جبکہ بھارتی سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے مزید 2کشمیری شہید کردیے۔ سری نگر میں پولیس اسٹیشن پر حملے میں 6 اہل کار زخمی ہوگئے۔ پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے سے منایاگیا تاہم کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ۔مقبوضہ وادی میں مکانوں ،دکانوں اور مارکیٹوں میں سیاہ پرچم لہرا دیے گئے ہیں ۔ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کو 40روز مکمل ہونے کو ہیں لیکن وادی میں کشیدگی اب بھی برقرار ہے ، قابض بھارتی فوج نے کرفیو لگارکھا ہے ۔ یوم سیاہ اور مکمل ہڑتال کے موقع پر بھارت مخالف مظاہرے روکنے کے لیے سری نگر کی تمام سڑکوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا گیا ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے گشت بڑھا دیا ہے ۔ آج بھی بھارتی سیکورٹی فورسز نے بارہ مولا میں فائرنگ کرکے مزید 2کشمیری شہید کر دیے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو پھر گرفتار کرلیا ہے۔ ادھر سری نگر میں پولیس اسٹیشن پر حملے میں 6 اہل کار زخمی ہوگئے ہیں۔