خبرنامہ کشمیر

بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ضلع شوپیاں کے علاقے چائی گنڈ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین کشمیری نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماء نور محمد کلوال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کا قتل عام مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ بھارت نواز کشمیری سیاستدان اس قتل و غارت کو قانونی جواز فراہم کرر ہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز شوپیان میں بھارتی فورسز کی اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں تین کشمیری نوجوانوں شاکراحمد میر، فردوس احمد اورسمیر احمد وانی کے قتل اوردو لڑکیوں سمیت متعددافراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کا واحد کام کشمیریوں کاقتل عام ہے اور انہیں اسی کام پر مامورکیاگیا ہے ۔جاوید احمد بٹ کی قیادت میں فرنٹ کے ایک وفد نے شوپیاں جاکر شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ وفد نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ حریت رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری، مختار احمد وازہ، ظفر اکبر بٹ، مصدق عادل،بلال احمد صدیقی ، زمردہ حبیب ،شیخ محمد یعقوب ،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر ، محمداحسن اونتو، امتیازریشی ،ہلال احمد وار، غلام بنی وار اور وائس آف وکٹمز کے کوآرڈینیٹر عبدالرؤف خان نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں تین نوجوانوں کے قتل اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوزاور کشمیریوں کی نسل کشیُ قراردیا ہے۔ انہوں نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی جملہ تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں پرجاری بھارتی مظالم کا سخت نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے بھارت پر سیاسی و سفارتی دباؤ ڈالیں۔جماعت اسلامی ،دختران ملت، مسلم لیگ، نیشنل فرنٹ، تحریک مزاحمت، پیپلز فریڈم لیگ، مسلم کانفرنس، ماس موومنٹ اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ آر نے اپنے الگ الگ بیانات میں شوپیاں میں فورسز کے ہاتھوں تین نوجوانوں کے قتل کو بھارت کی طرف سے اپنے یوم جمہوریہ پر کشمیریوں کیلئے ایک تحفہ قراردیا ۔بیانات میں کہاگیا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے ضرور آزادی حاصل کر لیں گے۔ مسلم لیگ اور سالویشن موومنٹ کے وفود نے بھی شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔