خبرنامہ کشمیر

بھارتی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں ،پیپلز موومنٹ

جموں: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور کشمیریوں کے حالیہ انتفاضہ نے ثابت کیا ہے کہ انہیں غیر قانونی بھارتی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ متحدہ حریت قیادت کے جاری کردہ احتجاجی کلینڈر پر بھر پور عمل کریں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف بھارتی حکومت ،اس کی ایجنسیوں اور مقبوضہ علاقے میں اس کی کٹھ پتلیوں کی ریشہ دوانیوں سے بھی بھر پور طریقے سے آگاہ رہیں۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ شہدا ء کے جنازوں میں کشمیریوں کی والہانہ شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جانیں نچھاور کرنے والے نوجوانوں سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور وہ آزادی سے کم کسی چیز کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نوجوانوں کے قتل اور دیگر مظالم کے باوجود تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے اور دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو اپنی منزل حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔