خبرنامہ کشمیر

بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے منظم اور مسلسل مہم شروع کی جائے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قاد ر اور ممبر اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے ایک منظم اور مسلسل مہم شروع کی جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کو اس کے اصل تناظر میں عالمی سطح پر اجاگر کیا جاسکے ۔ خطہ کے اندر پائیدار قیام کے امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق فوری حل ضروری ہے ۔ وہ نامور دانشور شاعر ادیب مقصود جعفری کی رہائش گاہ پر کشمیر ی نامور رائٹرز ، مذہبی سکالر زاور سیاسی ایکٹویٹس کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس کی صدارت سپیکر شاہ غلام قادر نے کی ۔جبکہ اجلاس کے مہمان خصوصی ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری تھے ۔ اجلاس کے شرکاء نے مسئلہ کشمیر کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عالمی سطح پر اجاگر کرنی کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا کہ ہمیں مسئلہ کشمیر خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سمانے لانے کے لئے ایک منظم اور سسٹم کے تحت مہم شروع کرنی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شرکاء کو اپنے دورہ متحدہ عرب امارات کے متعلق بھی بریفنگ دی جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید علی رضا بخاری نے کہا کہ کشمیر صوفیاء کرام کی سرزمین ہے جنہوں نے خطہ کے اندر امن کے پیغام کو پھیلایا ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے ہے تاکہ کشمیری آزادانہ طور پر اپنے مستقل کا فیصلہ کر سکیں ۔ ڈاکٹر مقصود جنہوں نے کہا کہ میں اپنا پیغام لیکر دنیا کے انٹیلیجنشیا کے پاس پہنچانا چاہیے تاکہ دنیا میں کشمیریوں کے حق میں رائے عامہ کو ہموار کیا جاسکے ۔ بیرسٹر افضل حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ میں سپیشل کشمیر ڈیسک قائم ہونا چاہیے جس کے تحت پاکستان کے تمام فارن مشنز میں فوکل پرسن مقرر کئے جائیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک آزادی مقامی نوعیت کی ہے جس میں کوئی بیرونی طاقت ملوث نہیں ہے ۔