خبرنامہ کشمیر

بھارتی وزراء کے کشمیر مخالف بیان غیر حقیقی اور اخلاقی دیوالیہ پن ہیں: یاسین

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنی قومی آزادی کی تحریک کے دوران برطانوی سامراج کیلئے مخبری کیا کرتے تھے اور جو اپنی آزادی پسند قائدین کے خلاف آئے روز ہرزہ سرائی کرتے رہتے ہیں کشمیریوں کی تحاریک آزادی اور آزادی پسندوں کو کسی بھی صورت میں سمجھ نہیں سکتے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزراء منوہر پاریکر اور پرکاش جاوڈیکر کے مقبوضہ کشمیرمیں حالیہ انتفادہ کے بارے میں بیانات کو غیر حقیقی اور اخلاقی دیوالیہ پن قراردیتے ہوئے کہا کہ خود بھارت کی تحریک آزادی کے دوران ان لیڈروں کے پیش روؤں نے برطانوی سامراج کیلئے مخبروں کا کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آزادی مخالف سوچ کے حامل یہ لیڈر سب کو اپنے جیسا سمجھتے ہیں اور انہیں ہر ایک روپے پیسے کے پیچھے دوڑتا ہوا نظر آتا ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر کی غالب اکثریت جس میں تاجر، طلباء،سول سوسائٹی،ٹرانسپورٹر،صنعت کار اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں بھارتی جارحیت اوراسکے غیر قانونی تسلط کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور صرف گزشتہ تقریبا چار ماہ کے دوران کشمیریوں نے اربوں روپے مالیت کا نقصان برداشت کیا ہے لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ جو تاریخی حقائق سے نابلد اور سیاسی تناظر سے ناواقف ہیں آج کشمیری قوم پر 500 روپے لے کر جدوجہد جاری رکھنے کا مضحکہ خیز الزام لگا رہے ہیں جس سے ان کے ذہنی دیوالیہ پن کی عکاسی ہوتی ہے ۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے بھارتی وزیر تعلیم پرکاش جاوڈیکرکے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کشمیری طلباء کے امتحانات کو سرجیکل اسٹرائیک قرار دیاتھا پر بھی شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے لوگ اور ایسی ذہنیت جو خود اپنی تحریک آزادی کے سربراہ گاندھی جی کے قتل میں ملوث ہو اور جو روزانہ کی بنیاد پر گاندھی اور نہرو جیسے بھارتی لیڈروں کے خلاف ہرزہ سرائیاں بھی کر رہے ہو‘سے کسی خیر کی امید رکھنا عبث ہے ۔