خبرنامہ کشمیر

بھارتی وزیردفاع منوہرپاریکرکا مستعفی ہونا کشمیریوں کی فتح ہے

مظفرآباد (ملت آن لائن + آئی این پی) تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیف کوآرڈینیٹرشفقت منصور نے کہاہے کہ بھارتی وزیردفاع منوہرپاریکرکا مستعفی ہونا کشمیریوں کی فتح ہے ۔بھارتی فورسز کی درندگی اوربزدلی کی زندہ مثالوں نے منوہرپاریکر کے مردہ ضمیرکوزندہ کردیا ۔آج کشمیرمیں بھارتی فوج نوجوانوں کے ہاتھوں تھپڑوں ،مکوں ،ڈھڈوں سے ذلیل ہورہی ہے ۔سنگبازوں سے بچنے کے لیے شہریوں کے انسانی ڈھا ل کے طور پر استعمال کیاجانا بھارتی فوج کے کائر ہونے کا واضح ثبوت ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی تمام دہشتگردانہ پالیسیاں ناکام ہورہی ہے ان کے ایجنٹ پکڑے جارہے ہیں فورسز کا مورال دن بدن گرتاجارہاہے ۔سرکارعالمی سطح پر کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی ۔کلبھوشن کی پھانسی کی سزاسن کربھارت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں ۔کشمیرمیں بھارتی فوجی عام لوگوں کے ہاتھوں تھپڑ،جوتے ،لاتیں کھاتے نظرآتے ہیں ۔انتخابی ڈرامہ پوری طرح ناکام ہوگیاہے ۔بزدلی کی نئی تاریخیں رقم کی جارہی ہیں سنگبازوں سے بچنے کے لیے معصوم شہریوں کو گاڑیوں کے آگے باندھا جارہاہے ۔ان سارے واقعات سے وزیردفاع منوہرپاریکرکا ضمیرجاگ اٹھا اور اس نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔یہ ایک بہت بڑی خوشخبری ہے اور بہت جلد اللہ تعالیٰ آزادی کی خوشخبری بھی سنائے گا۔انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ اقتدارکا کیمپ بن کر رہ گیاہے ۔جہاں صرف او ر صرف سیاسی ،ذاتی مفادات کو ترجیح دی جارہی ہے ۔تحریک آزادی کے لیے کام کرنے والوں کے لیے راستے تنگ کیے جارہے ہیں جو شہداء کے امین ہونے کا دعویٰ کرتے تھے انہیں شہداء کے جنازوں میں شرکت کا وقت نہیں ملتا ۔انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ صرف حکومت کرنے کے لیے مسئلہ کشمیر کو آڑ کے طور پر استعمال کیا جارہاہے ۔جس سے ریاست کا وجود منقسم ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں ۔ریاست کی وحدت کی بات کرنے والے پہلے ریاست کو آزادی دلانے میں عملی کرداراداکریں ۔