خبرنامہ کشمیر

بھارتی وزیر داخلہ آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے

سری نگر:(اے پی پی) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے جہاں وہ ریاست کی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات بھی کریں گے تاہم کشمیری رہنماؤں نے راج ناتھ سنگھ سے ملاقات سے صاف انکار کردیا ہے۔ وزیر داخلہ راج بھی آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے جہاں وہ مقبوضہ وادی کے حالات کے حوالے سے ریاست کی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کی انتظامیہ کی جانب سے کشمیری رہنماؤں کو بھی بھارتی وزیر داخلہ سے ملاقات کی دعوت دی گئی تھی تاہم انھوں نے راج ناتھ سنگھ سے ملاقات سے انکار کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ماہ تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے وادی میں حالات کشیدہ ہیں جب کہ بھارتی بربریت سے اب تک 90 کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں مسلسل 48 روز سے کرفیو نافذ ہونے کی وجہ سے غذا اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے جب کہ ریاست میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔