خبرنامہ کشمیر

بھارتی پارلیمانی وفد مقبوضہ کشمیر کی ناکام یاتراکے بعد وطن واپس لوٹ آیا

سرینگر/نئی دہلی (آئی این پی)وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی سربرائی میں بھارتی پارلیمانی وفد مقبوضہ کشمیر کے ناکام دورے کے بعد وطن واپس لوٹ آیا جہاں وزیر داخلہ نے وزیراعظم نریندر مود ی سے ملاقات کرکے انھیں اپنے دورے کے حوالے سے بریفنگ دی۔منگل کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انھیں کل جماعتی وفد کے 2روزہ دورہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ کیا ۔وزیر داخلہ نے ریاست کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔بھارت کے کل جماعتی وفد نے 4ستمبر کو سرینگر اور5 ستمبر کو جموں کا دورہ کیا۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی سربرائی میں آل پارٹیز وفد حریت رہنماؤ ں سے مذاکرات کے لیے سری نگر پہنچا تو حریت رہنماؤ ں نے بھارتی وفد سے مذاکرات کرنے سے صاف انکار کر دیا۔حریت رہنماؤ ں کی جانب سے ملنے سے انکار پر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کھسیانے ہوگئے، انہیں 7 دہائیوں سے جاری جدو جہد آزادی اور بھارتی فوج کا ظلم و ستم تو نظر نہ آیا لیکن انسانیت اور جمہوریت فورا نظر آگئی۔سری نگر میں پریس کانفرنس کے دوران راج ناتھ سنگھ نے میں نا مانوں کے مصداق مقبوضہ وادی میں قابض فوج کی بربریت کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے حالات کی خرابی کی ذمہ داری حریت رہنماں پر ڈال دی۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 70 برسوں سے بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور صرف 8 جولائی سے اب تک قابض فوج کی بربریت سے 90 سے زائد کشمیری شہید اور 11 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جنت نظیر وادی میں کرفیو کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج اور اشیائے خرد و نوش کی قلت ہے لیکن اس کے باوجود آزادی کے متوالوں کا عزم کم نہیں ہوا۔