خبرنامہ کشمیر

بھارتی پولیس نےاشیائےضروریہ کی گاڑیوں کوسرینگرمیں داخل ہونےسےروک دیا

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے مختلف دیہات سے دودھ ، سبزیاں اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی لیکر سرینگر آنے والی تین درجن کے قریب گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روک دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے اشیائے ضروریہ سے لدی گاڑیوں کو جمعرات کی صبح سرینگر کے مضافاتی علاقے پارمپورہ تھانے کے پاس روک لیا۔ایک دودھ فروش نے سرینگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روز نامے کے نمائندے کو بتایا کہ پولیس نے دودھ اور سبزیوں سے بھری گاڑیوں کو صبح چھ بجے پارمپورہ کے پاس روک دیا۔ صحافیوں کے استفسار پر ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ انہیں کرفیو کو بھر پور طریقے سے نافذ رکھنے کی ہدایت ہے ۔ یاد رہے کہ سرینگر اور مقبوضہ علاقے کے دیگر قصبوں میں گزشتہ 41روز سے کرفیو اور دیگر پابندیاں نافذ ہیں جسکے باعث شہریوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ دریں اثنا بھارتی فوج کی 27راشٹریہ رائفلز سے وابستہ اہلکاروں نے سرینگر سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار ’’گریٹر کشمیر‘‘ کے ضلع بانڈی پورہ کے نمائندے اعجاز الحق بٹ کو ایک اور صحافی محمد سعید کے ہمراہ سخت ہراساں کیا۔ انہیں ضلع کے علاقے کلوسہ کے نزدیک اس وقت ہراساں کیا گیا جب وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں موٹر سائیکل پر اونی گام گاؤں جا رہے تھے۔