خبرنامہ کشمیر

بھارتی پولیس نےخوف و دہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے، جماعت اسلامی

سرینگر؛ (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ بھارتی پولیس نے وادی کشمیر میں بے گناہ نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کاسلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہواہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطاق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بہت سے نوجوان گرفتاریوں سے بچنے کے لیے روپوش ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس ان روپوش نوجوانوں کے اہلخانہ اور دوسرے رشتہ داروں کوپریشان اور ہراساں کررہی ہے اور اس طرح اس نے خود ہی لاقانونیت کا بازار گرم کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب قانون کی رکھوالی کرنے والی فورس خود ہی اس کی خلاف ورزی کررہی ہو تو اس خطے کے لوگوں کے حقوق کا یہی حال ہوگاجو سب پر عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس کی ان کارروائیوں کی وجہ سے کشمیری عوام کی نظروں میں یہ فورس مشکوک بن گئی ہے۔ترجمان نے اندھا دھند گرفتاریاں فوری طور پر بند کرنے اور ایک کے بدلے دوسرے کو حراست میں لینے جیسی لاقانونیت کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔