خبرنامہ کشمیر

بھارتی پولیس نے انجینئر رشید کو نماز جمعہ ادا کر نے سے روک دیا

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے سرینگر میں پابندیوں کو توڑتے ہوئے تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے کارکنوں کے ہمراہ مارچ کیا ۔تاہم وہاں تعینات بھارتی پولیس اور فورسز کے اہلکاروں نے انہیں جامع مسجد کے دروازے سے گرفتار کرکے نوہٹہ پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں ٹیلی فون پر صحافیوں کو بتایا کہ انجینئر رشید نے کارکنوں کے ہمراہ نماز جمعہ جامع مسجد میں ادا کرنے کا منصوبہ بنایا تھااور فیصلہ کیا تھا کہ اگر فورسز نے انہیں جامع مسجد میں نما ز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی تو وہ نماز جمعہ مسجد کے باہر سڑک پر ادا کریں گے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ پولیس نے انجینئر رشید کو کارکنوں سمیت گرفتار کر کے نوہٹہ پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیا ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ پولیس انجینئر رشید کومسجد کے دروازے سے گھسیٹتے ہوئے پولیس اسٹیشن لے کر گئی اورخدشہ ظاہر کیاکہ انہیں متعد د زخم آئے ہوں گے ۔واضح رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کا محاصرہ کا مسلسل 19 ویں ہفتے سے محاصرہ کر رکھا ہے اور لوگوں کو وہاں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔