خبرنامہ کشمیر

بھارتی پولیس نے انجینئر رشید کو پیر پنچال کے دورے سے روک دیا

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید کو جموں میں پیر پنچال کے علاقہ میں جانے سے روک دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجینئر عبدالرشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ خطہ پیر پنچال کے دو روزہ دورے پر جانا چاہتے تھے تاہم بھارتی پولیس نے انہیں باملہ سندربنی کے قریب روک کر آگے نہیں جانے دیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی سربراہی میں قائم کٹھ پتلی انتظامیہ نے پورے مقبوضہ علاقے کو ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں گروی رکھا ہے اور یہاں قانون نام کی کوئی چیزموجود نہیں۔ انہوں نے پولیس کی کارروائی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس انتہا پسند ہندو عناصر کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے اور اس نے کشمیری مسلمانوں کوتمام حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ انجینئر رشید نے کہا کہ انتظامیہ سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا بڑے پیمانے پر نشانہ بنا رہی ہے ۔ انہوں نے محبوبہ مفتی کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے انہوں نے مقبوضہ علاقے کے اکثریتی طبقے کے حقوق کو پامال کیا ہے اْس کا انہیں ایک روز حساب دینا پڑے گا۔