خبرنامہ کشمیر

بھارتی پولیس پیلٹ کے باعث بینانی سےمحروم نوجوانوں کوبھی گرفتارکررہی ہے

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس پیلٹ لگنے کے باعث بصارت سے محروم ہو جانے والے نوجوانوں کو بھی گرفتار کر رہی ہے جس کے باعث متاثرہ نوجوان گھروں سے دوررہنے پر مجبور ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیلٹ سے متاثرہ نوجوان جب ہسپتالوں سے ڈسچارج ہونے کے بعد گھر آتے ہیں تو بھارتی پولیس رات کے وقت انکے گھروں پر چھاپے ڈال کر انہیں گرفتار کر لیتی ہے۔ متاثرہ نوجوان گرفتار ی سے بچنے کے لیے اپنے رشتہ داروں یا دوستوں کے گھروں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ ان نوجوانوں کو جب ہسپتالوں سے فارغ کیا جاتا ہے تو وہ دھر لیے جانے کے اندیشے سے خود کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے والے چشمے بھی ہسپتالوں میں ہی چھوڑ دیتے ہیں ۔ سوپور کا رہائشی نوجوان جاوید 9جولائی کو پیلٹ فائرنگ سے زخمی ہوا تھا لیکن وہ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد سے اب تک صرف ایک بار گھر گیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس 8جولائی کو ممتاز مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد بھارتی فورسز کی پرامن مظاہرین پر بلا اشتعال پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میں سو سے زائد شہریوں کے قتل علاوہ پندرہ ہزار سے زائد کشمیری زخمی ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر نوجوان پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک 300کے قریب نوجوانوں بصارت سے محروم ہوچکے ہیں۔