خبرنامہ کشمیر

بھارتی یوم آزادی کےموقع پروادی کشمیرکوفوجی چھاؤنی میں تبدیل کرنےکی شدید مذمت

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارتی یوم آزادی کے موقع پر پوری مقبوضہ وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے دل جیتنے میں پوری طرح ناکام رہا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ہر ہندوستانی لیڈر کی طرح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی اس بات کا یقین ہے کہ جموں وکشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ دن رات اٹوٹ انگ کا راگ الاپتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر نریندر مودی کو واقعی یقین ہے کہ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے تو ان سے پوچھاجا سکتاہے کہ جس طرح انہوں نے دلتوں پر حملوں کے بعد کہا تھا کہ اگر کوئی دلتوں پر گولی چلانا چاہتا ہے تو وہ پہلے نریندر مودی پر گولی چلائے، کیا اسی طرح وہ یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں لال قلعہ سے کہیں گے کہ نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن چلاکر انہیں بصارت سے محروم کرنے والے پہلے ان پر پیلٹ چلائیں۔ انجینئر رشید نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری ملازمین کو بھارتی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کرنے پر مجبور کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوے کہا کہ ملازموں کے انکار کے بعد دلی سے ہوائی جہازوں کے ذریعے ہندو ا نتہا پسند جماعتوں کے کارکنوں کو سرینگر لایا گیا لیکن ائیرپورٹ پر موجود مقامی مسافروں اور دیگر لوگوں نے پرامن احتجاج کے ذریعہ انہیں واپس بھاگنے پر مجبور کیا۔انجینئر رشید نے کہا کہ اس واقعہ سے ہندوستان کی پوزیشن مضحکہ خیز بن گئی ہے اور یہ ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت کشمیر پر اپنا کنٹرول صرف فوجی طاقت کے بل پر جاری رکھے ہوئے ہے۔