خبرنامہ کشمیر

بھارت اور اسرائیل کشمیرکے خلاف سازش کر رہے ہیں، دخترا ن ملت

بھارت اور اسرائیل کشمیرکے خلاف سازش کر رہے ہیں، دخترا ن ملت

سرینگر: (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی جنرل کا ادھمپورمیں بھارتی فوجی اڈے کا دورہ واضح کرتا ہے کہ دونوں ملک کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور دونوں کے درمیان یہ تعاون محض مسلم دشمنی پر مبنی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس وقت یہود و ہنود مسلمانوں کے خلاف ایکا کیے ہوئے ہیں اس لئے ہم پر لازم ہے کہ ہم انکی مکروہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ کشمیریوں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ انکا واستہ ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ساتھ ہے اسلئے ممکن ہے کہ مستقبل میں ہماری مشکلیں اور بڑھ جائیں اس لئے ہمیں بھی مزاحمت میں مزید طاقت پیدا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی برادری کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی میں ایک نئی سرعت پیدا ہوگئی ہے جبکہ اسکے ساتھ ساتھ بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا بدترین بازار سرگرم کر رکھا ہے اور بھارتی جیل کشمیریوں سے بھرے پڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ10 سالہ بچوں سے لیکر 80 برس کے معمر افراد تک کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہیں جنکا واحد قصور یہ ہے یہ لوگ حق خود ارادیت کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کو عدالتی احکامات کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا۔ ناہیدہ نسرین نے کہا کہ سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ پر اب تک 35مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا جاچکا ہے جبکہ کچھ لوگ بیس برس سے زائد عرصے سے جیلوں میں ہیں جن میں مرزا نثار حسین، عبد اللطیف وازہ، محمد علی بٹ ،عبد الغنی گونی، جاوید احمد خان اور محمود ٹوپی والا بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پچھلے 70 برس سے مصائب برداشت کر رہے ہیں لیکن اسکے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔