خبرنامہ کشمیر

بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات شروع کریں

جموں (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر پیس اینڈ ٹیریٹوریل انیٹیگریٹی فورم نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات پر زودیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے صدر آئی ڈی کھجوریہ نے جموں کے علاقے کٹھوعہ میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 1947میں تقسیم برصغیر کے وقت سے ہی جموں وکشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعے کی بڑی وجہ رہا ہے ۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام تمام متعلقہ فریقوں پر مشتمل مذاکرات پرزوردیا۔ فورم کے سرپرست شیخ عبدالرحمن نے اپنے خطاب میں کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر پر دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی سے خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان محاذ آرائی کی وجہ سے گزشتہ سال پاکستان میں سارک سربراہ اجلاس منعقد نہیں ہو سکا جس میں باہمی ترقی و خوشحالی ، تجارت اور امن کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیاجاناتھا۔ سیمینار کے دیگر مقررین میں فورم کے ایڈوائزر ڈاکٹر ظہور الدین اور جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ جلیل احمد قاضی شامل تھے۔