خبرنامہ کشمیر

بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ، حریت کانفرنس

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور اسکے مختلف ادارے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے میں ناکامی کے بعداب مختلف اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے سے اسے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوج کے جنرل سبھراہاتا سہا کے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیا جس میں انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں آزادی سے زیادہ اسلامی انتہا پسندی کا عنصر غالب نظر آرہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جد وجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سامراج نے فوج سمیت اپنے تمام اداروں کو یہ کام سونپا ہے کہ وہ کشمیریوں کی مبنی برحق جد وجہد سے متعلق شر انگیز مہم چلاکر اسے بدنام کریں۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری کسی کے خلاف نہیں اور وہ صرف اور صرف اپنے بنیادی حق ، حق خود ارادیت کے لیے جد وجہد کر رہے ہیں جب کہ بھارت کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ اس مبنی بر صداقت اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ جدوجہد کو غلط رنگ میں پیش کر کے اپنے مکروہ مقاصد حاصل کرسکے۔ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کوئی مذہبی انتہا پسندی نہیں ہے اور یہاں ہر مذہب کے لوگ بھائی چارے سے رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے 7لاکھ سے زائد فوج کو مقبوضہ علاقے میں تعینات کر کے یہاں کے امن کو غارت کردیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی جنرل کا بیان ان کی پست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے ۔